سہیل انور سیال وزیر داخلہ سندھ مقرر، محکمہ آبپاشی بھی سنبھالیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے تین وزراء کو اضافی قلمدان سونپ دیے ہیں۔سہیل انور سیال کو ایک مرتبہ پھر صوبائی وزیر داخلہ مقرر کر دیا گیا ہے ۔ چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر آب پاشی و معدنیات سہیل انور سیال کو وزیر داخلہ سندھ مقرر کر دیا گیا ہے ، ان کے پاس محکمہ آب پاشی اور معدنیات کے قلمدان بھی ہونگے ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ کو وزیر اطلاعات مقرر کر دیا گیا ہے ، جبکہ انکے پاس پہلے والا قلمدان بھی رہے گا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو کو مذہبی امور کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ سہیل انور سیال سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کابینہ میں صوبائی وزیر داخلہ رہے ، تاہم موجودہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے یہ قلمدان اپنے پاس رکھا تھا۔