سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی بھرتی کا پہلا مرحلہ
(بشیرباجوہ بیوروچیف نیوز وائس آف کینیڈا)
گوجرانوالہ (24مارچ)سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں چھبیس (26 ) جوانوں کی بھرتی کے سلسلے میں جسمانی پیمائش کے پہلے مرحلہ کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ ایس پی یو میں بھرتی کے لئے کل 1847امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں ۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد 1545جوانوں کی درخواستیں مطابق قواعد ضوابط درست قرارپائیں جن کو جسمانی پیمائش کے لئے کال کیا گیا ۔ جسمانی پیمائش کا سلسلہ دو روز جاری رہے گا۔ جسمانی پیمائش کے دوران میرٹ پر اترنے والے امیدواروں کو دوڑ کے لئے بلایا جائے گا ۔واضح ہو کہ حکومت کی جانب سے بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس احمد اسحاق جہانگیر ، چیف ٹریفک پولیس آفیسر آصف ظفر چیمہ اور ایس ایس پی توصیف حیدرپر ایک بورڈ تشکیل دیا گیا-ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر بھی اس بورڈ کا حصہ ہیں گزشتہ روز انہوں نے پولیس لائنز میں جسمانی پیمائش کے عمل کی نگرانی کی ۔انہوں نے جسمانی پیمائش کے لئے بنائے گئے بوتھ کا وزٹ بھی کیا اور امیداواروں کے مسائل بھی دریافت کئے ۔ موسم کی مناسبت اور امیدواروں کی سہولت کے لئے گراؤنڈ میں شامیانے لگائے گئے اور پینے کے لئے پانی کے کولر بھی رکھوائے گئے ۔ پولیس ایمبولینس کے ساتھ ساتھ پولیس لائنز ہسپتال کا میڈیکل عملہ بھی وہاں موجود رہا ۔اس موقع پر بورڈ کے چےئرمین اور ممبران کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ کسی قسم کی سفارش یا دباؤ ملحوظ خاطر نہیں لایا جائے گا ۔ انصاف اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف حق دار امیدوار ہی کامیاب قرار پائیں گے۔