سپریم کورٹ کا حکم،مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی واپس
ڈیرہ اسماعیل خان(نیوز وی او سی آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف)اور ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری سکیورٹی واپس لے لی، ڈیرہ اسماعیل خان میںان کے گھر پر تعینات سکواڈ کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے حکم کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو دیا گیا سکیورٹی سکواڈ کو واپس بلایا۔ سکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد مولانا فضل الرحمان کے پرسنل سیکرٹری نے آئی جی خیبرپختونخوا کو فوری طور پر ایک خط تحریر کر دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اوراہم سیاسی ومذہبی رہنما ہیں۔ ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس سے پہلے ان پر تین خودکش حملے اور ان کے گھر پر تین حملے ہو چکے ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس نہ لی جائے اور اس حوالے سے جاری احکامات واپس لیے جائیں۔
خیال رہے گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی خیبر پختونخوا کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔