سپریم کورٹ میں میاں شریف کو بھی منی لانڈرنگ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،اصل منی ٹریل اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہے :عمران خان
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں میا ں شریف کو منی لانڈرنگ میں ملوث کیا جا رہا ہے ،شریف خاندان منی ٹریل کے ثبوت پیش نہیں کر رہا ،اصل میں اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہی منی ٹریل ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ نواز شریف نے اسمبلی میں کہا کہ دبئی کی گلف اسٹیل سے جدہ ا ور پھر لندن گیا ،عدالت میں کہتے ہیں کہ پیسہ قطری خاندان کے پاس سے لندن گیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ملک ہے جس کا وزیر خزانہ منی لانڈرنگ کرتا تھا اور جس کے لیے کرتا تھا وہ وزیراعظم ہے ۔
پاناما کیس کی سماعت ختم ہونے کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نہیں پتہ تھا کہ انہیں سپریم کورٹ میں آنا پڑے گا اس لیے اسمبلی میں جھوٹ بولا ۔ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کہتا تھا کہ گلف اسٹیل کی وجہ سے پیسہ بنا کر لندن بھیجا ،عدالت میں دستاویزات کے مطابق گلف اسٹیل ایک کروڑ 50لاکھ درہم کا نقصان کر بیٹھی تھی ۔عمران خان نے کہا کہ پیسہ لندن کیسے گیا اس کا کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ،سب کچھ میاں شریف پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور میاں شریف کو بھی منی لانڈرنگ میں ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قطری خاندان کو پیسہ بینک سے دینے کے بجائے کیش میں دیا گیا ،اگر بینک کے ذریعے دیا جاتا تو منی ٹریل بھی ہوتی ،اب اصل میں منی ٹریل اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہے ۔