سپریم کورٹ میں بنی گالہ اراضی کیس کی سماعت
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
عمران خان نا اہلی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اورپی ٹی آئی سربراہ نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے عدالت میں جمائماکی جانب سے بھجوائی گئی رقم سے متعلق ایک اورجواب جمع کرا دیا گیا۔
سپریم کورٹ میں عمران خان نا اہلی کیس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت عمران خان کی جانب سے اپنے جواب میں اضافی دستاویزات جمع کرائی گئیں ۔ عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق جمائماکی جانب سے10 ٹرانزیکشنز کی گئیں اور ان ٹرانزیکشنزکے ذریعے 4 کروڑ 8 لاکھ 48ہزارروپے منتقل کیے گئے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے رقم عمران خان کے دوست راشد خان کے اسلام آباد کے سٹی بینک میں موجود اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
عمران خان کے جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پرٹیکس لاگونہیں ہوتا ، بنی گالہ کی اراضی کی ادائیگی کیلئے آخری رقم کی ادائیگی انہوں نے خود ایک چیک کے ذریعے کی ۔ عمران خان نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ بنی گالہ کی اراضی کی خریداری کیلئے انہوں نے جمائما سے رقم قرض لے کرپاکستان بھجوائی ، انہوں نے خود پر عائد کیے جانے والے تمام الزامات کی بھی تردید کردی۔