پاکستان

سپریم کورٹ بار انتخا بات: عاصمہ جہانگیر گروپ کا کلین سویپ‘ پیر کلیم خورشید صدر منتخب

لاہور + اسلام آباد (نیوز وی او سی )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر کے گروپ نے کلین سویپ کر دیا۔ انڈی پینڈنٹ گروپ کے امیدوار پیر کلیم خورشید نے غیر حتمی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 1165 ووٹ لے کر اپنے مخالف امیدوار حامد خان کے حمایت یافتہ پروفیشنل گروپ کے امیدوار حافظ عبد الرحمن انصاری کو شکست دی۔ حافظ عبد الرحمن انصاری نے1042 ووٹ حاصل کئے۔ سیکرٹری کے لئے گذشتہ سال بھی حصہ لینے والے امیدوار صفدر حسین تارڑ کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کا تعلق بھی عاصمہ جہانگیر گروپ سے ہے۔ انہوں نے میاں اسلم کو شکست دی۔ پنجاب سے نائب صدر کے لئے بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار قمر الزماں قریشی کامیاب ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے لئے لاہور کراچی، پشاور، اسلام آباد ،کوئٹہ ، سکھر ،حیدر آباد، ملتان ، بہاولپور، ایبٹ آباد میں پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رجسٹرڈ 2999 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ریٹرننگ آفیسر کے فرائض راجہ افراسیاب خان نے سر انجام دیئے جبکہ بار کے انتخابات میں صدارت کے امیدواروں میں پروفیشنل گروپ کی جانب سے حافظ عبدالرحمان انصاری اور انڈی پینڈنٹ گروپ کی طرف سے محمد کلیم احمد خورشید سید کے درمیان کانٹے دار مقابلہ رہا۔ اسی طرح پنجاب سے نائب صدر کے لیے ملک محمد امتیاز اور سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار قمر زمان قریشی کے درمیان جوڑ پڑا اور قمر الزمان قریشی نے میدان مار لیا۔ پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ درمیان میں ایک گھنٹے کیلئے کھانے کا وقفہ کیا گیا۔ نومنتخب صدر پیر کلیم خورشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی وکلاء برادری کی طرف سے ان پر اعتماد کا بھرپور اظہار ہے۔ وکلاء کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہو گا جبکہ وہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات میں وکلاء برادری کا اہم ترین کردار ہے جو وہ ادا کریں گے۔اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ نے کلین سویپ کیا۔ الیکشن میں اسلام آباد راولپنڈی کے 461 وکلا نے سپریم کورٹ میں قائم پولنگ سٹیشن پر ووٹ ڈالے۔ فنانس سیکرٹری کے لئے ارشد زمان کیانی اور قاضی شہریار اقبال مدمقابل ہوا۔ چاروں صوبوں کے نائب صدور کی نشست پر 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ چاروں صوبوں سے ایگزیکٹو ممبران کی نشست پر 27امیدواروں نے الیکشن لڑا۔ سپریم کورٹ اسلام آباد میں قائم پولنگ سٹیشن سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر کے امیدوار پیر کلیم احمد 212 ووٹ لے سکے جبکہ حامد خان گروپ کے صدر کے امیدوار حافظ عبدالرحمان انصاری 187 ووٹ حاصل کئے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کی جانب سے جنرل سیکرٹری کے امیدوار صفدر حسین تارڑ نے 252 ووٹ لئے۔ اسلام آباد سے حامد خان گروپ کے سیکرٹری کے امیدوار میاں محمد اسلم محض 120 ووٹ حاصل کرسکے اسی طرح عاصمہ جہانگیر گروپ کی جانب سے نائب صدر میں سندھ سے فرید احمد ڈاہیو 182 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے‘ کے پی کے سے ملک مسعود الرحمان 260 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے‘ پنجاب سے قمر زمان قریشی 233 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ بلوچستان سے محمد رئوف عطا 222 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔ دوسری طرف حامد خان گروپ کی جانب سے نائب صدور کے پی کے تہمینہ محب اللہ 125‘ بلوچستان سے میاں بدر منیر 147‘ پنجاب سے ملک محمد امتیاز محل 147 اور سندھ سے خلیق احمد 175 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسلام آباد کے پولنگ سٹیشن سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے ایڈیشنل سیکٹرری ریاست علی گوندل 174 ووٹ لے کر کامیا جبکہ مدمقابل محمد اسلم گھمن 165 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ فنانس سیکرٹری کیلئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے ارشد زمان کیانی 189ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ حامد خان گروپ کے قاضی شہریار اقبال 188ووٹ حاصل کر سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button