سپریم کورٹ،پاناما کے تمام پاکستانیوں کا احتساب،وفاق اور نیب سے جواب طلب
اسلام آباد(نیوزوی او سی) پاناما پیپرز میں شامل تمام پاکستانیوں کے احتساب سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی، وفاق اور نیب سے جواب طلب کرلیا۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کی ذمہ داری نیب کی ہے، آپ کی درخواست پر کارروائی کا حکم کیسے دیا جائے، درخواست کا دائر ہ کار بہت وسیع ہے۔
آمدن سے زائد اثاثوں کا تعین نیب نے کرنا ہے،ہم یہ کام نہیں کرسکتے ،درخواست گزار چاہتے ہیں کہ تمام436افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جمعرات کوکیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جماعت اسلامی نے پاناما پیپرز میں شامل 436افراد کے خلاف درخواست دائر کی تھی،جماعت اسلامی کے وکیل طارق اسر نے کہا کہ پاناما میں کمپنیاں بنانیوالوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔