سپرنٹندنٹ سنٹرل جیل چوہدری محمد اصغر نے سنٹرل جیل گوجرانوالہ پرمصنوعی ہنگامی حالت تیار کرکے خطرے کا الارم بجایا گیا
گوجرانوالہ20 مارچ (کنٹری بیورو پاکستان بشیر باجوہ نیوز وی او سی)
سپرنٹندنٹ سنٹرل جیل گوجرانوالہ چوہدری محمد اصغر نے کہا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ موجودہ ملکی صورت حالات اور جیلوں کو موصول ہونے والے سیکیورٹی تھریٹس کی پیش بندی کے لیے صوبہ بھر کی جیلوں پر ہنگامی صورت سے نبرد آزما ہونے کے لیے دیگرانتظامی محکموں کے اشتراک سے ماہانہ بنیادوں پرمشقیں کروائی جائیں سپرنٹندنٹ سنٹرل جیل چوہدری محمد اصغر نے کہا ہے کہ اسی سلسلہ میں سنٹرل جیل گوجرانوالہ پرمصنوعی ہنگامی حالت تیار کرکے خطرے کا الارم بجایا گیا تاکہ دیگر انتظامی محکمہ جات کا ردعمل جانچنے کے ساتھ ساتھ تمام محکموں کے باہمی اشتراک سے ہنگامی حالات کو کنٹرول کرنے کی مشق کروائی جا سکے ۔ الارم بجنے کے بعد چند منٹ میں ہی ایلیٹ فورس، پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور پاک آرمی کے مسلح جوانوں نے جیل پر پہنچ کر پوزیشنیں سنبھال لیں اور اغواکردہ جیل اہلکاران کو بازیاب کرواکر دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کاروائی کے بعدبم ڈسپوزل سکواڈنے ایریا کو جدید روبوٹ کے ذریعے چیک کیااورریسکیو1122 کے عملہ نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امدادکی فراہمی اور ہسپتال منتقل کرنے کی مشق کی۔
سپرنٹندنٹ چوہدری محمد اصغر نے بتایا کہ مشق کے اختتام تمام محکموں کے جوان جیل کے مین گیٹ پر اکٹھے ہوئے اورآفیسران نے انہیں مشق کے فوائد ومقاصد اور باہمی اشتراک سے دہشت گرد عناصر سے نبرد آزما ہونے کی بابت بریفنگ دی۔ سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تمام اداروں کے جوان نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں جیل پر پہنچے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو کہ لائق تحسین ہے ۔ ایسی ایکسرسائز کے ذریعے تمام انتظامی محکموں کو اپنی صلاحیت جانچنے کا موقع ملتا ہے ، تمام محکمے ایک دوسرے سے رابطہ میں بھی رہتے ہیں اور خدا نخواستہ کبھی بھی ہنگامی حالات کی صورت میں باہمی اشتراک سے حالات کو بروقت کنٹرول کرسکتے ہیں۔