سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کی ہدایت پر سی آئی اے پولیس کی کامیاب کارروائی
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
تین ڈرگ ڈیلر گرفتار ۔59کلو گرام چرس اور افیون، دوکاریں، موبائل فونز اور نقدی برآمد ۔
برآمدہ منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں لاکھوں روپے جبکہ گرفتار ملزمان کا تعلق پشاور اور علاقہ غیر سے ہے ۔
سی پی او کا سی آئی اے پولیس کے لئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان
سی آئی اے پولیس نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 59کلو گرام چرس اور افیون برآمد کر کے تین ڈرگ ڈیلروں کو گرفتار کیا ہے ۔برآمد ہ منشیات میں 37کلو گرام چرس اور 22کلو گرام افیون شامل ہیں جب کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کے نام محمدعمر سکنہ گڑھی خیل ، نور الہٰی سکنہ اخون بابا اکبر پورہ اور محمد یونس سکنہ پشاور ہیں ۔ملزمان کے زیر استعمال دو کاریں بھی سی آئی اے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں ۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ عرصہ دراز سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں منشیات کی سمگلنگ کا کاروبار کرتے ہیں اور بھاری معاوضہ کے عوض علاقہ غیر سے چرس کو مطلوبہ مقام تک پہنچاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث بڑی بڑی مچھلیاں پکڑنے کے لئے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو احکامات جاری کئے اور انہیں ٹاسک دیا کہ سی آئی اے پولیس لوکل سطح پر منشیات فروشوں کی بجائے اس مکروہ دھندہ میں ملوث بڑے بڑے ڈیلروں کو گرفتار کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل برؤئے کار لائے ۔ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ نے ڈرگ ڈیلروں کی گرفتاری کے لئے سب انسپکٹر طاہر وٹو، اے ایس آئی اورنگ زیب، خلیل اللہ کمبوہ،ارشد اقبال و دیگران پر دو ٹیمیں تشکیل دیں ۔ ٹیموں کی خود سپرویژن کرتے ہوئے انہوں نے اپنے روابط علاقہ غیر تک بڑھائے اور منشیات سمگلنگ میں ملوث ڈیلروں کے کوائف حاصل کئے ۔ مزید براں انہوں نے اپنی ٹیم ممبران کو ضلع کے بائی پاس پر ناکہ بندی کی بھی ہدایت کی ۔ سی آئی اے پولیس کی دوٹیموں نے بائی پاس پرناکہ بندی کی ہوئی تھی کہ اس دوران انہیں ا طلاع موصول ہوئی کہ دو کاروں میں سوار تین کس منشیات فروش ، چرس اور افیون کی بھاری کھیپ لے کر گوجرانوالہ سے لاہور جا رہے ہیں ۔ اس مفید اطلاع پر چیکنگ کوموثر کرتے ہوئے سوزوکی آلٹو نمبریZF-156اورLEB2057کو روک کر کار وں کی تلاشی لی گئی تو دونوں کاروں سے 59کلو گرام چرس اور افیون برآمد ہوئی ۔تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی گئی ۔ ملزمان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منشیات کی بھاری کھیپ لے کر لاہور سپلائی کے لئے جا رہے تھے ۔قبل ازیں بھی دیپال پور، شیخوپورہ ، ملتان ، پتوکی اور گوجرانوالہ میں منشیات کی بھاری مقدار سپلائی کر چکے ہیں ۔مزید تفتیش پر معلوم ہوا کہ ملزمان منظم گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن کے ممبران پنجاب بھر میں پھیلے ہوئے ہیں ۔گروہ کے ارکان کے علاقہ غیر میں منشیات کے بڑے بڑے ٹھیکیداروں اور ڈیلروں سے گہرے رابطے ہیں ۔اپنے نیٹ ورک کی بدولت پنجاب بھر میں کمیشن ایجنٹ کے طور پر منشیات فروشی کا کام کرتے ہیں ۔ بھاری کھیپ مطلوبہ مقام تک پہنچانے کے لئے وہ لاکھوں روپے وصول کرتے ہیں ۔ڈرگ ڈیلروں کے خلاف کامیا ب کارروائی کے موقع پر سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کا کہنا ہے کہ منشیات فروش نوجوان نسل کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی سے ڈرگ کی مین سپلائی لائن کو توڑیں گے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑی بڑی مچھلیو ں کو گرفتار کرکے جیل بجھوائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کی سپلائی وصول کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں ۔سی پی او کی ہد ایت پر ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کی کامیاب کارروائی پر شہر بھر کے معزز حلقوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے جب کہ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے انہیں نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا