گوجرانوالہ ۔ 23 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا) جدید سائنسی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کوبروئے کار لاتے ہو ئے مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ مقدمات برخلاف اشخاص میں انسدادی کارروائی اور آوارہ گردوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ شر پسند عناصر اورریکارڈ یافتگان پر کڑی نظر رکھی جائے ۔مستعد رہتے ہوئے فرائض منصبی انجام دئیے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہارسٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے گذشتہ روز اپنے آفس میں سنےئر پولیس افسران ، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزسے تعارفی میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کو ترجیح دی جائے گی۔ظلم ، زیادتی اور کرپشن کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ مقدمات کی تفتیش میں میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے چالان مرتب کئے جائیں ۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے ڈویژن وائز اور تھانہ وائزبریفنگ لی اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سنگین مقدمات کی پراگرس ملاحظہ کی ۔ سی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ راہزنی اور ڈکیتی کے مقدمات میں چھینے گئے مال کی شرح برآمدگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن اشخاص سے ناجائز ا سلحہ برآمد ہو ان کے مکمل کوائف مرتب کر کے ان کے سابقہ ریکارڈ کی مزید پڑتال کی جائے ۔گشت کے دوران مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ جات کے سرپرائز وزٹ کریں اور مجرمان اشتہاری کی گرفتاری مہم کوروزانہ کی بنیادپرخود مانیٹر کریں ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے تھانہ جات میں موصول ہونے والے اعتراضی چالانوں کے اعتراض فوری طور پر دور کر کے انہیں واپس عدالت بھجوایا جائے اور مقدمات کی تفتیش انصاف کے اصولوں پر کرتے ہوئے مقدمات کے چالان بلا تاخیر اندر میعاد عدالت مجاز میں جمع کروائے جائیں۔کرائم کی روک تھام کے لئے گشت اور ناکہ بندی کو موثر کیا جائے۔آخر میں سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوز کو تعریفی اسناد دی جائیں گی جب کہ ست رو ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی کا تحرک کیا جائے گا۔