سوشل میڈیا گرفتاریوں کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج
کراچی:۔ 22مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
کراچی: سوشل میڈیا کے معاملے پر ہونے والی گرفتاریوں کے خلاف تحریک انصاف نے احتجاج شروع کردیا، کراچی اور پریس کلب کے باہر مقامی قیادت نے مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سائبر کرائمز ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا جس میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، شمیم نقوی نے احتجاج کی قیادت کی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت اظہار آزادی رائے پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی اور نوجوانوں کی طاقت سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسی لیے ایف آئی اے کے ذریعے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو اظہار رائے کی آزادی ہے ، اس ضمن میں کی گئی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں بھی پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔
نمائندہ نیوز وائس آف کینیڈا کے مطابق پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر یہ احتجاج کیے جارہے ہیں، پی ٹی آئی اسلام آباد کی مقامی قیادت یہاں اکٹھی ہوئی جس میں ڈاکٹر شہزاد وسیم، خرم نواز ، علی اعوان ، فیصل جاوید اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاج میں شرکت کی ۔
رہنماؤں نے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاستی جبر منظور نہیں، گرفتاریاں خطرناک ثابت ہوں گی۔ مظاہرین نے ایف آئی اے اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔