سنی لیون2017 میں بھی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکارہ
ممبئی: بالی ووڈ کی بے باک اداکارہ سنی لیون ایک بار پھر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
2017 اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ رواں سال بھارتی فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ اسٹارز کی زندگی میں بہت کچھ ہوا، کچھ ستارے اپنی فلموں اور اداکاری سے لوگوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے جب کہ کچھ اسٹارز نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔ ان ہی میں بالی ووڈ کی بےبی ڈول سنی لیون بھی ہیں جو گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی بالی ووڈ کی نمبر ون اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئی ہیں۔ سنی لیون کےعلاوہ پریانکا، ایشوریا اور دپیکاپڈوکون کو بھی لوگوں کی بڑی تعداد نےانٹرنیٹ پر سرچ کیا۔
پریانکا چوپڑا:
بالی ووڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑا 2017 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں دوسرے نمبر پر رہیں۔ پریانکا چوپڑارواں سال فلم ’بےواچ‘ کے ذریعے ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے کے لیے خبروں کی توجہ کا مرکز رہیں۔ یہ فلم باکس آفس پر تو خاص کامیابی حاصل نہ کرسکی تاہم پریانکا کو ہالی ووڈ اسٹار ڈیوئن جانسن کے ساتھ کام کرنے پر بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی اس کے علاوہ پریانکا چوپڑا رواں سال فوربز کی 100 بااثر خواتین میں شامل رہیں۔
Iایشوریا رائے بچن:
سابق ملکہ حسن اور نامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے رواں سال انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہ رواں سال کانز فلم فیسٹیول میں اپنے خوبصورت لباس کی وجہ سے اور انیل کپور کے ساتھ 17 برس بعد فلم’پھنے خان‘میں کام کرنے کے باعث خبروں میں چھائی رہیں۔
کترینہ کیف:
بالی ووڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ کترینہ کیف کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلمیں ’جگاجاسوس‘اور ’بارباردیکھو‘تو باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوگئیں تاہم رواں سال کترینہ کیف انسٹاگرام جوائن کرنے اوراپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے باعث لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
دپیکا پڈوکون:
بالی ووڈکی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کااس فہرست میں پانچویں نمبر پر جگہ بنانا کافی حیران کن ہے کیونکہ وہ فلم’پدماوتی‘کے تنازعے اور بھارتی انتہاپسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز رہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ’پدماوتی‘میں رنویر سنگھ اور شاہد کپور سے زیادہ معاوضہ ملنے کے باعث بھی کافی شہرت حاصل ہوئی۔
کرینہ کپور خان:
بالی ووڈ کی بیگم کرینہ کپور خان کا 2017 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں چھٹانمبر ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ کرینہ اپنی فلموں کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بیٹے تیمور کی وجہ سے خبروں میں رہیں۔ لوگوں کو یہ جاننے میں زیادہ دلچسپی تھی کہ ماں بننے کے بعد کرینہ کی زندگی میں کیا تبدیلیاں آئیں۔
ممتاکلکرنی:
اس فہرست میں بالی ووڈ کی ماضی کی اداکارہ ممتاکلکرنی ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔ ممتاکلکرنی نے سلمان خان اور عامر خان جیسے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے تاہم وہ اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب ان کا نام منشیات کیس میں سامنے آیا۔ اداکارہ ممتاکلکرنی اور ان کے شوہر وکی گوسوامی رواں سال ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ بھارتی حکومت نے انہیں اور ان کے شوہرکو منشیات کیس میں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے ساتھ دونوں کی جائیداد کو فوری ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں انٹرنیٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد نے سرچ کیا۔
دیشا پٹانی:
بالی ووڈ کی نووارد اداکارہ دیشاپٹانی بھی اس لسٹ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔ دیشا ان دنوں اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ فلم’باغی2‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ تاہم انہیں شہرت مختلف فوٹوشوٹ، ماڈلنگ اور ٹائیگر شروف کے ساتھ تعلقات کے باعث ملی اور وہ سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں آٹھویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
کاویا مادھوان:
ملیالم فلموں کی اداکارہ کاویا مادھوان بھی رواں سال کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں نویں نمبر پر شامل ہیں۔ انہیں شہرت اپنے شوہر اداکار دلیپ کی وجہ سے ملی جو ایک اور نامور اداکارہ کے اغوا اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار تھے۔
ایشا گپتا:
ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی سے مشابہت کے باعث ایشا گپتا کو کیرئیر کی ابتدا میں بہت شہرت ملی تاہم رواں برس وہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرنے کے باعث سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکاراؤں میں شامل ہوئیں اور دسواں نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔