سنی اتحاد کونسل کے دو ہزار سے زائد علماء و مشائخ نے این اے 120 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کر دیا
لاہور 16 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
ایوان اقبال میں منعقدہ علماء و مشائخ کنونشن میں پی ٹی آئی کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کنونشن سے صاحبزادہ حامد رضا، چوہدری محمد سرور، اعجاز چوہدری، پیر صمصام بخاری، پیر جلیل شرقپوری، پیر دیوان عظمت اور دیگر کا خطاب
سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں منعقدہ ” علماء و مشائخ کنونشن ” میں دو ہزار سے زائد علماء و مشائخ نے این اے 120 میں پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سنی اتحاد کونسل سے وابستہ علما، مشائخ ، آئمہ مساجد اور دینی مدارس لاہور کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا مکمل ساتھ دیں گے۔
علماء و مشائخ کنونشن سے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، پی ٹی آئی کے راہنماؤں چوہدری محمد سرور، اعجاز چوہدری، پیر صمصام بخاری کے علاوہ پیر دیوان عظمت، پیر میاں جلیل احمد شرقپوری، پیر عمار سعید سلیمانی، پیر معاذ المصطفے قادری، خواجہ غلام فخرالدین چشتی، پیر خالد سلطان قادری، پیر میاں نصراللہ، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی مقیم خان، علامہ نعیم جاوید، علامہ عبداللہ ثاقب، علامہ اخلاق احمد کریمی، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں شہباز قادری اور دوسرے علماء و مشائخ نے خطاب کیا۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 ستمبر کو لاہور کو اپنی جاگیر سمجھنے والوں کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ این اے 120 میں قارون اور جنون کے درمیان مقابلہ ہے۔ ن لیگ جرم اور ظلم کی سیاست کی علمبردار ہے۔ مریم نواز نے اپنے باپ کی طرح کل بھوشن، مودی اور ٹرمپ کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا۔ الیکشن والے دن ن لیگ کی دھونس اور دھاندلی نہیں چلنے دیں گے۔
عاشقان رسول بلے پر مہر لگا کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کا بدلہ لیں گے۔ پی ٹی آئی کے راہنما چوہدری محمد سرور نے کہا کہ شریف برادران شر برادران بن چکے ہیں۔ پاناما کیس کی نظر ثانی درخواست مسترد ہونے پر ن لیگ پر بوکھلاہٹ طاری ہے۔ پنجاب اسمبلی میں نواز شریف کے حق میں قرارداد غیر آئینی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کی حمایت سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے۔
شریف برادران نے سانحہ داتا دربار کے ملزمان گرفتار نہ کر کے صوفیا کے ماننے والوں کو مایوس کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے راہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ17 ستمبر کو عدلیہ و فوج کے مخالفوں اور حامیوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہو گا۔ داتا کے دیوانے سانحہ داتا دربار کے سہولت کاروں کے سرپرستوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ عدالتی فیصلے کی طرح عوامی عدالت کا فیصلہ بھی شریف خاندان کے خلاف آئے گا۔
پی ٹی آئی کے صمصام بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب شریف خاندان کا سہولت کار نہ بنے۔ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر نئے این آر او کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ نواز شریف اور اس کے بیٹوں کا کاروبار 55 ملکوں میں پھیلا ہوا ہے۔ لاہور کا ضمنی الیکشن کرپشن کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ حلقہ 120 کی پسماندگی کے ذمہ دار کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
لاہور کے ووٹرز ن لیگ کو مسترد کر کے کرپشن کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں گے۔کنونشن میں پیر نعیم الرحمن چشتی، پیر ضیاء الاسلام نقشبندی، علامہ حافظ فاروق قادری، علامہ راحت عطا ری، علامہ ممتاز ربانی، علامہ ارشد نعیمی، علامہ مختار احمد صدیقی، پیر محمد احمد قادری، مفتی فرقان عباس، مفتی کامران، مفتی مسعود الرحمن، پیر میاں غلام مصطفے، نے بھی شرکت کی۔