سندھ طاس معاہدہ :عالمی بینک تنازع حل کرائے ، نواز شریف

اسلام آباد (نمائندہ نیوز وی او سی آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی بینک ثالث عدالت کے ذریعے پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے حل میں نمایاں کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے یہ بات عالمی بینک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹا لینا آئی جورجیوا سے وزیر اعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ بھارت نے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی دستاویز، جس پر عالمی بینک نے بھی دستخط کیے تھے ، خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی پن بجلی منصوبے مکمل کیے ہیں اور غیر قانونی آبی ذخائر بھی تعمیر کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان 1952 سے عالمی بینک سے اپنی شراکت کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے ۔ تب سے اب تک عالمی بینک نے مختلف منصوبوں میں 31 ارب ڈالر کی سرمایا کاری کی ہے ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے دریائے سندھ پر تین بڑے اور بلوچستان میں متعدد چھوٹے اور درمیانے حجم کے ڈیم بنانے پر توجہ دے رہی ہے ۔ دیامر بھاشا ڈیم قومی اہمیت کا حامل ہے ۔ عالمی بینک کی سی ای او نے کہا کہ پاکستان میں سرمایا کاری کے لیے موافق حالات ہیں۔