سندھ اسمبلی: امداد پتافی انگریزی پڑھنے میں ناکام، نصرت سحر ڈرامہ کوئین قرار
کراچی: (نیوز وی او سی آن لائن) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج بھی شور شرابہ ہوا۔ امداد پتافی اور نصرت سحر عباسی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی کو انگریزی میں سوال کا جواب دینے کو کہا۔ امداد پتافی ڈٹ گئے اور جواب دینے سے صاف انکار کر دیا۔
صوبائی وزیر نے تو تو میں میں کے دوران نصرت سحر عباسی کو ڈرامہ کوئین قرار دیدیا اور کہا کہ یہ اسمبلی کا حسن ہے۔ نصرت سحر عباسی نے اصرار جاری رکھا تو امداد پتافی نے نصرت سحر عباسی کو چیمبر میں آنے کی دعوت دے دی جس پر نصرت سحر عباسی آگ بگولہ ہو گئیں اور خوب دل کھول کر بھڑاس نکالی۔
ڈپٹی سپیکر شہلا رضا کے اصرار پر امداد پتافی نے انگلش سنا ہی دی مگر وہ بھی ٹوٹی پھوٹی۔ صوبائی وزیر کی انگریزی سن کر وزیر اعلیٰ سندھ اور قریب بیٹھے اراکین اسمبلی بھی مسکراتے رہے۔ اجلاس میں نثار کھوڑو کو موقع ملا تو انہوں نے طلال چودھری پر تنقید کی اور ان کے نام پر حیرت کا اظہار کیا، کہنے لگے کہ جب بھی کوئی بولے گا، ٹکا کر جواب دیں گے۔
پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے بلاول بھٹو کی ریلی میں فیصل آباد میں بجلی بند کرنے پر شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔