سندھ؛ غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
سندھ کے ضلع نوابشاہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی جواں سالہ بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل اور ایک شخص کو زخمی کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ ضلع نوابشاہ کے گاوں جان محمد بروہی میں پیش آیاخاتون کو اس کے والد اور چچا نے واحد بخش بروہی نامی شخص کے ساتھ ’غیر اخلاقی حالت‘ میں دیکھنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعہ میں مذکورہ شخص بھی زخمی ہوا ہے، جسے علاج کےلئے نوابشاہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر تھانے کے ایس ایچ او غلام حیسن پیرزادو کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان اکبر اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے پولیس کے سامنے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم بھی کرلیا۔ ملزمان کے خلاف دو مختلف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جن میں سے ایک ریاست کی جانب سے اور دوسرا واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کے بھائی کی شکایت پر درج کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم اور ضروری پولیس کارروائی کے بعد مقتولہ کی لاش کو تدفین کے لیے علاقے کی معتبر شخصیت کے حوالے کردیا گیا۔