سلمان خان کے بعد کترینہ کیف بھی قانونی شکنجے میں
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے بعد اداکارہ کترینہ کیف بھی قانونی شکنجے میں آگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘کی تشہیر کے دوران سلمان خان اور شلپا شیٹھی نے ہندوؤں کی والمکی کمیونٹی کیلئے ’’بھنگی‘‘کا لفظ استعمال کیا تھا جس پر دونوں فلمی ستاروں کے خلاف والمکی کمیونٹی کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راجستھان کے ضلع چھورو میں مقدمہ دائر کیاگیاتھا۔
یہ مسئلہ اتنی شدت اختیار کرگیا تھا کہ شلپا شیٹھی کو اپنے اس عمل پر معافی مانگنی پڑی تھی۔ تاہم یہ معاملہ ابھی تک ختم نہیں ہوا ہے۔ سلمان خان اورشلپا شیٹھی کے بعد اداکارہ کترینہ کیف بھی اس معاملے کی لپیٹ میں آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں پٹیالاہاؤس کورٹ میں سلمان خان، کترینہ کیف اور’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘کی تشہیری تقریب میں موجود دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ایف آئی آر دہلی کمیشن کرمچاریز کے سابق چیئرمین ہرنم سنگھ نے درج کرائی ہے۔ جس میں ہندوؤں کی نچلی ذات کے جذبات مجروح کرنے کاالزام لگایا گیا ہے۔ عدالت نےاس حوالے سے دہلی پولیس سے 27 فروری تک جواب طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور شلپا شیٹھی نے ایک شو میں لفظ بھنگی منفی معنوں میں استعمال کیا تھا جو کہ والمکی برادری کو ناگزیر گزرا تھا جس کے بعد جے پور میں دونوں اداکاروں کے خلاف شدید مظاہرے اور پتلے بھی نذر آتش کیے گئے تھے۔