سلمان خان آج کل کس پریشانی میں مبتلا ہیں
ممبئی: کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے نامور اداکار سلمان خان ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس میں انسان خودکشی کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔
اداکار سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے مہنگے اور کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، 51 سال کی عمر میں بھی وہ کسی نوجوان اداکار سے زیادہ فٹ اورپرکشش نظرآتے ہیں، ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگ بے تاب رہتے ہیں تاہم بالی ووڈ کا یہ خوبصورت اور صحت مند اداکار’’ٹریگمینل نیوریلجیا‘‘ نامی بیماری میں مبتلا ہے اسے چہرے کی ’’اعصابی معذوری‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اس بیماری میں انسان کے چہرے کی نسوں میں بجلی کے کرنٹ جیسا درد ہوتا ہے، یہ درد اتنا شدید ہوتا ہے کہ مریض’’خودکشی‘‘ کرنے کے بارے میں سوچنے لگتا ہے۔ ڈاکٹرزکے مطابق یہ درد چہرے کو ہلکا سا چھونے، شیو کرنے اور برش کرنے پر پیدا ہوسکتا ہے اور کئی بار تو یہ درد بنا کسی وجہ کے بھی ہوجاتا ہے۔
فلموں میں حسین اورپرکشش نظرآنے والے اداکار سلمان خان درحقیقت اس خطرناک اورتکلیف دہ بیماری میں مبتلا ہیں انہوں نے اپنی اس بیماری کے بارے میں پہلی بار2011 میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اس بیماری کا شکار ہیں اور شدید درد جھیل رہے ہیں تاہم امریکا میں ان کا علاج جاری ہے۔
دبنگ خان نے حال ہی میں آن لائن ویڈیو کے ذریعے دوسری باراپنی بیماری کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ لوگ ہمیں ٹی وی پر کسی سپرہیرو کی طرح دیکھنا پسند کرتے ہیں، اور یہ نہیں سوچتے کہ ہم کس تکلیف سے گزررہے ہیں، کام کے دوران ہمیں اپنی سوفیصد کاردکردگی دینی پڑتی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان ان دنوں اپنی فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘کی تشہیر میں مصروف ہیں فلم میں ان کے ساتھ سہیل خان اور چینی اداکارہ ’’ژوژو‘‘اہم کردارمیں نظرآئیں گی جب کہ فلم 23 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔