سعودی ولی عہد کی درخواست پر امریکہ نے شام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

سعودی ولی عہد کی درخواست پر امریکہ نے شام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر عائد طویل المدتی اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اس فیصلے کو “شامی عوام کے لیے ایک نئی امید” قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ اہم اور غیر معمولی فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے شام سے تعلقات کی بحالی کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے، اور اب شامی قوم کو اپنے مستقبل کے لیے کوئی “خاص بات” دکھانے کی ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید اعلان کیا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد شامی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان نئے تعلقات کی بنیاد رکھی جا سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ساموئل وربرگ نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شام کی نئی قیادت کی طرف سے مثبت اشارے ملے ہیں، جس میں انسانی حقوق، اقلیتوں کا تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔ ان کے بقول، شام اب بین الاقوامی تنہائی سے نکلنے کے لیے ایک “تاریخی موقع” سے دوچار ہے، خاص طور پر بشارالاسد حکومت کے خاتمے اور ایران کے اثر و رسوخ میں کمی کے بعد۔

یاد رہے کہ شام میں نئی حکومت کے قیام کے بعد عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ نے معاشی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکی و یورپی پابندیوں کو قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شام 2080ء تک بھی اپنی سابقہ معاشی حالت بحال نہیں کر سکے گا۔

اگرچہ یورپی یونین کی طرف سے کچھ پابندیاں پہلے ہی جزوی طور پر نرم کی جا چکی ہیں، تاہم ان کی مکمل واپسی کو شامی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے احترام اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی کارروائیوں سے مشروط رکھا گیا ہے۔

وی او سی اردو
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں