سعودی عرب نے سینما گھروں پر عائد پابندی ختم کردی
جدہ (نیوز وی او سی آن لائن) سعودی عرب کی وزارت ثقافت و اطلاعات نے سینما گھروں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا اور عندیہ دیا ہے کہ 2018 سے مملکت میں باضابطہ طور پر سینما گھر کھول دیے جائیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ اعلان سینما گھروں پر عائد 35 سالہ پابندی کے بعد کیا گیا ہے، مارچ 2018 میں سعودی عرب میں پہلے سینما گھر کا افتتاح کردیا جائے گا۔ وزارت ثقافت کی جانب سے ایک قرار داد بھی پاس کی گئی ہے جس کے تحت سینما گھروں کو لائسنس مہیا کیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں 80 کی دہائی میں سینما گھروں پر پابندی عائد کی گئی تھی جو آج تک برقرار ہے۔
سعودی عرب کے وزیر ثقافت کا کہنا ہے کہ سینما گھرکھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا حصہ ہے۔ سینما گھروں کے ذریعے نہ صرف آمدنی کے متبادل ذرائع میسر آئیں گے بلکہ شہریوں کو وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ سعودی عرب کے بورڈ آف دی جنرل کمیشن فار آڈیو ویژوئل میڈیا کے مطابق اس وقت مملکت میں 2 اعشاریہ 9 فیصد بجٹ ثقافتی سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے جسے 2030 تک بڑھا کر 6 فیصد کردیا جائے گا، جبکہ اس وقت تک ملک بھر میں 300 سینما گھر کھل چکے ہوں گے۔