سعودی عرب علاقائی باپ کا کردار ادا کررہا ہے ، عراقی رہنما

خطے میں جاری تنازعات کو بتدریج وقت کے ساتھ طے کیا جا سکتا ہے ،مقتدیٰ الصدر سعودی ولی عہد سے ملاقات میں کشیدہ تعلقات سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال ہوا
بغداد (نیوز وی او سی )عراق کی صدری تحریک کے رہنما مقتدیٰ الصدر نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں قیام امن کے لیے باپ کا کردار ادا کررہا ہے ۔انھوں نے یہ بات لندن سے شائع ہونے والے اخبار الشر ق الاوسط سے انٹرویو میں کہی ہے ۔انھوں نے گذشتہ ماہ جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وہ دونوں مختلف امور پر یکساں موقف اور وژن کے حامل ہیں۔انھوں نے بتایا کہ انھوں نے سعودی ولی عہد سے سعودی عرب اور عراق کے درمیان تعلقات ، خطے میں جاری تنازعات و مسائل یمن ، بحرین ، شام ، مقبوضہ بیت المقدس اور ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔مقتدیٰ الصدر نے اپنی ملاقات کو شفاف اور دیانت دارانہ قرار دیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ خطے میں جاری تمام تنازعات کو بتدریج وقت کے ساتھ طے کیا جا سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ قطر اور چار عرب ممالک سعودی عرب ، مصر ، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جاری تنازع کو بھی طے کیا جاسکتا ہے ۔تاہم ان کا خیال تھا کہ قطر سمجھوتے پر تیار نہیں ہے لیکن بالآخر وہ ہوش کے ناخن لے گا۔انھوں نے شامی صدر بشارالاسد پر بھی زور دیا کہ وہ اقتدار چھوڑ دیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں