سعودی عرب اور اسرائیل کی ایران پر شدید تنقید
میونخ (نیوز وی او سی) سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کا مرکزی اسپانسر ایران ہے جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کا حتمی ہدف سعودی عرب کو کمزور کرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی میں ہونے والی میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران اسرائیل اور سعودی عرب نے ایران کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ملک مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کا حتمی ہدف سعودی عرب کو کمزور کرنا ہے ، ایران کو خطے میں انتہا پسند عناصر کو ختم کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں، ایران کا مقصد مشرق وسطیٰ کے ہر ملک میں استحکام کو کمزور کرنا ہے اور آخر کار اس کی آخری منزل سعودی عرب ہے ، اصل تقسیم مسلمانوں اور یہودیوں میں نہیں بلکہ اعتدال پسندوں اور بنیاد پرستوں میں ہے ۔ اسی سیکیورٹی کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ عادل بن الجبیر نے بھی ایران پر شدید تنقید کی ۔ ان کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران دنیا بھر میں دہشت گردی کا مرکزی اسپانسر ہے ، ایران مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور وہ انہیں تباہ کرنا چاہتا ہے ، مشرق وسطیٰ میں امن ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جب تک ایران اپنے رویے تبدیل نہیں کرے گا تب تک اس طرح کے ملک کے ساتھ نمٹنا بہت مشکل ہے ، ایران شام اور خطے کے متعدد تشدد گروہوں کے علاوہ حوثی باغیوں کی مالی امداد جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ ایرانی اقدامات کو روکنے کے لیے واضح ریڈ لائنز کی ضرورت ہے ۔