سعودی عرب امریکیوں کیلئے دودھ دینے والی گائے ہے: ایرانی سپریم لیڈر
تہران (اے ایف پی+ اے پی پی) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ٹرمپ کے حالیہ دورے کے حوالے سے سعودی عرب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کافر امریکیوں کیلئے دودھ دینے والی گائے کی طرح ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عملی طور پر قرآن پاک کی تعلیمات کیخلاف کام کرتے ہیں۔ یہ کافروں کے زیادہ قریب ہیں اور دشمنوں کو دولت کی پیشکش کرتے جبکہ انہیں یہ دولت اپنے عوام کی حالت بہتر بنانے کیلئے استعمال میں لانی چاہئے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ حقیقت میں سعودی عرب اور امریکہ میں کوئی قربت نہیں ہے امریکی خود کہتے ہیں کہ ان کا مقصد سعودی عرب سے رقم بٹورنا ہے۔ دودھ دینے والی گائے کی طرح اسے استعمال کے بعد ذبح کر دینگے۔ دریں اثناءایرانی صدر نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو تقسیم ہونے سے روکنا انتہائی ضروری ہے تاکہ امن و بھائی چارے کی جانب قدم بڑھایا جا سکے۔اس سلسلے میں ایران حقیقی سمجھوتے کے حصول کے لئے مذاکرات کو تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار حسن روحانی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔ انھوں نے ٹیلی فونک رابطے پر قطر کے امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقے میں قیام امن کے لئے علاقائی ملکوں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ دہشت گردی ایک بڑے مسئلے کی حیثیت سے سب کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مشترکہ تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ ایران اور قطر کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔