سعودی عربمیں 5 سال میں 66 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی
اسلام آباد(نیوز وی او سی)ایوان بالا کو بتایا گیاکہ سعودی عرب میں پچھلے پانچ سال کے دوران 66 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی۔پاکستان میں 24ملین افراد تمباکو کا استعمال کرتے ہیں جبکہ تمباکونوشی سے ہرسال ایک لاکھ 60ہزار 189افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں،ٹی بی سے ہلاکتوں میں دنیا میں پانچواں نمبر ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے 2013ءتا 2017ء کے دوران64غیرملکی دوروں پر ایک ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئے۔پانچ سال میں سرکاری یونیورسٹیوں کو مجموعی طور پر 2کھرب 11ارب 12کروڑ 13لاکھ روپے کی رقم دی گئی۔بدھ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے سنیٹر ثمینہ عابد کے سوال پربتایا کہ 16جنوری 2013سے سعودی عرب میں 66پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی۔پھانسی کی سزا پانے والوں نے منشیات سے متعلقہ جرائم، عصمت دری اور قتل کا ارتکاب کیا۔ سعودی عرب میں ہمارے مشنز سعودی جیلوں میں قید تمام قیدیوں کو قونصلر تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔مقامی قواعد و ضوابط کے مطابق صرف پریکٹس کرنے والے سعودی وکلاء کو ہی مقامی عدالتوں میں پیش ہونے کی
اجازت ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ یو اے ای اور سعودی عرب میں بعض گولیاں اور پائوڈر لیکر جانے پر پابندی ہے، اس پر سزائے موت ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ پاکستانی ایئرپورٹس پر ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ منشیات باہر نہ جاسکیں۔وزیر مملکت وفاقی تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت نے بتایا کہ حکومت نے وزارت کو قومی تعلیمی اصلاحاتی اقدامات کے عنوان سے 500ملین روپے مختص کرنے کے ساتھ سکیم دی ہے اس سکیم کا مقصد پورے پاکستان میں جدید، معیاری اور میرٹ کی بنیاد پر امتحانی نظام لانا ہے اس مقصد کیلئے 29 بورڈز میں معیار بڑھانے کے شعبے قائم کئے جائیں گے۔ سکیم پر فیڈرل بورڈ کے ذریعے عملدرآمد ہو رہا ہے۔سنیٹر ثمینہ سعید کے سوال پروزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ دنیا میں ٹی بی عوامی صحت کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور عالمی سطح پر اموات میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔2016 ء میں ایک لاکھ کی آبادی میں 268افراد ٹی بی میں مبتلا تھے،ملک بھر میں 14سو ٹی بی دیکھ بھال کے مراکز ٹی بی کی تشخیص اور علاج کی مفت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مریض ہمارے ریکارڈ میں نہیں آرہے ہیں۔ممبران کے ضمنی سوال کے جواب خواجہ آصف نے بتایا کہ قیدیوں کے حوالے سے بھارت سے دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے اور ہم نے تجویز کیا ہے کہ 70سال سے عمر کم کرکے ساٹھ سال کی جائے۔بھارت کے ساتھ قیدیوں کا معاملہ انسانی بنیادوں پر ہو جائے تو قیدیوں کا معاملہ حل ہوسکتا ہے کچھ قیدی انڈر ٹرائل ہیں، کچھ کو سزائیں ہو چکی ہیں ہم نے کہا ہے کہ ان کو ہمارے ہاں بھجوا دیا جائے وہ یہاں پوری کرلیں گے۔تمام ممالک سے اس حوالے معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔سنیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر کے ضمنی سوال پروفاقی وزیر نے بتایا کہ گوانتا ناموبے میں مشرف نے لوگ بھجوائے تھے،چار رہ گئے ہیں دو کیخلاف چارجز ہیں۔مشرف نے پیسے وصول کئے ہوئے ہیں ان سے پوچھ لیں میں کیا جواب دوں گا۔سنیٹر نزہت صادق کے سوال پرسائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ 84ممالک کی فہرست میں جہاں تمباکو نوشی کی جاتی ہے پاکستان 54ویں نمبر پر ہے،تمباکو نوشی کرنے والے ہر روز پانچ ہزار افراد ہسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔ سروے کے مطابق اطلاع تھی سال سے اوپر کے بچوں کی تعداد تمباکو نوشی کی طرف آ رہی ہے اضافہ بیس فیصد ہے۔خواجہ آصف نے بتایا کہ 2013سے 2017کے دوران سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے 64غیرملکی دورے کئے جن پر 1.013ارب روپے خرچ ہوئے۔سنیٹر اعظم سواتی کے سوال پروزیر مواصلات نےگزشتہ چار سال کے دوران این ایل سی کو دی گئی سڑکوں کی رقم کے حوالے بتایا کہ 2016میں نیواسلام آباد ایئرپورٹ کو مین لنک روڈ کی تعمیر کی لاگت 2ارب 28کروڑ 33لاکھ 47ہزار 335روپے،سی پیک کے مغربی روٹ کے پیکیج ون پارک رحمانی خیل کیلئے 13ارب 25کروڑ 70لاکھ روپے، سال 2017میں نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور میٹرو بس سروس پیکیج ون پشاور موڑ تا جی 13، دیگر ملحقہ بنیادی ڈھانچے کا تعمیرات کام شامل ہے جن کی مالیت ساڑھے 6ارب روپے سے زیادہ ہے۔سنیٹر سید شبلی فراز کے سوال کے تحریری جواب میں بلیغ الرحمٰن نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں کو مجموعی طور پر 211121.36ملین جبکہ ان جامعات کو ترقیاتی فنڈز کے طور پر 103535.697 ملین روپے دیئے گئے۔