سعودی حکومت نے 25 سرکاری سکولوں کی نجکاری کردی
ریاض (نیوز وی او سی آن لائن) سعودی حکومت نے سرکاری محکموں کی نجکاری کا آغاز 25 سکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے سے کردیا ہے، 2020 تک مختلف محکموں کی نجکاری کی جائے گی جس سے 11 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 سرکاری سکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کر رہی ہے ۔ ماضی میں سکولوں کا ڈھانچہ مکمل طور پر حکومتی فنڈز پر چلتا تھا تاہم 2014 میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے سرکاری خزانے پر دباو¿ آیا اور حکومت نے نجی سرمایہ کاروں کی تلاش شروع کر دی۔سعودی حکومت کی جانب سے صحت، رہائش، نقل و حمل اور دیگر شعبوں کو 2020 تک پرائیوٹائز کیا جائے گا جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو 11 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔ یہ بات پہلے سے متوقع تھی کہ سعودی حکومت کے نجکاری منصوبے میں سکولوں کا نمبر سب سے پہلا ہو گا۔
خیال رہے کہ سعودی وزارتِ تعلیم نے جنوری میں مکہ اور جدہ کے 60 سکولوں کے ڈیزائن، تعمیرات اور سہولیات کی بحالی کے لیے ٹینڈر کا اعلان کیا تھا۔