سرمایہ کاری کرنیوالی برطانوی کمپنیوں کیساتھ مکمل تعاون کرینگے،اسحق ڈار
اسلام آباد ( آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ دنیا بھر سے ممالک پاکستان کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعلقات وسیع کرنے پر دلچسپی ظاہر کررہے ہیں، پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقا ت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے پر امید ہے، برطانیہ کی پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کر تے ہیں، حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی برطانوی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی جبکہ برطانوی سفیرتھامس ڈریو نے کہاکہ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کررہی ہیں اور یہ برطانیہ کی تازہ سرمایہ کاری کیلئے ایک مثبت رجحان ہے۔ برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنرتھامس ڈریو نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقا ت کی۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو برطانیہ کے وزیر خا رجہ بورس جانسن کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آگاہ کیاکہ برطانیہ کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان کامیاب اور سود مند رہااس سے پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے مثبت احساسات پیدا ہوئے۔ برطانیہ کی پاکستان میں کاروباری کمپنیوں کے سی ای اوز نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات کے حوالے سے مثبت اور حوصلہ افزاء بیانات کا خیر مقدم کیا اور برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ نئی برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہاجائے گا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ دنیا بھر سے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعلقات وسیع کرنے پر دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔حال کی میں فرانس کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی رینالٹ نے پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان کیاہے۔برطانیہ کا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے تجارتی اور کاروباری تعلقات میں مزید اضافہ کیا جا سکتاہے۔