ایڈیٹرکاانتخاب

سابق وزیر شرجیل میمن سندھ ہائیکورٹ سے گرفتار

کراچی: سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نیب نے شرجیل میمن کو عدالت سے گرفتار کرلیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے شرجیل میمن سمیت دیگر 13 ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کی۔
اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر یاسر صدیق مغل نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت میں توسیع کی مخالفت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل انعام میمن سمیت 13 ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کی درخواست مسترد کردی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے وکیل شہاب سرکی کے توسط سے نیب کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست عدالت میں جمع کرائی جسے چیف جسٹس نے سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
شرجیل میمن کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ میں اپیل کرنے تک نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔
شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے کے لیے عدالت پہنچی تو ان کے وکلا نے نیب حکام کو اندر آنے سے روک دیا جب کہ اس موقع پر رینجرز بھی عدالت کے باہر پہنچ گئی۔
کیس کی سماعت ختم ہونے کےبعد ہائیکورٹ کے جج صاحبان بھی عدالت سے روانہ ہوگئے لیکن شرجیل میمن عدالت سے باہر نہیں آئے جب کہ ان کے وکلا نے درخواست کی کہ شرجیل میمن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔
پی پی رہنما شرجیل میمن 5 گھنٹے سے زائد عدالت کی عمارت میں موجود رہے تاہم نیب نے کیس میں نامزد ملزمان میں سے 4 کو پہلے ہی گرفتار کرلیا جب کہ شام 5 بجے کے قریب شرجیل میمن کے عدالت سے باہر آنے پر نیب کی ٹیم نے انہیں بھی گرفتار کرلیا۔
نیب حکام کی جانب سے جب شرجیل میمن کو گرفتار کیا گیا تو شدید دھکم پیل ہوئی اور اس دوران سابق وزیر کی قمیض کے بٹن بھی ٹوٹ گئے۔
شرجیل میمن کی گرفتاری کے وقت پیپلزپارٹی کے بعض ارکان سندھ اسمبلی بھی ان کے ساتھ موجود تھے جنہوں نے سابق وزیر کی گرفتاری پر مزاحمت کی اور شدید نعرے بازی کی۔
جب کہ اس موقع پر ہائیکورٹ کے احاطے میں سیکیورٹی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موجود تھی، نیب حکام شرجیل میمن کو گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے نیب کی گاڑی کو حصار میں لے رکھا تھا۔
سابق صوبائی وزیر کو سخت سیکیورٹی میں نیب سندھ کے رینجل دفتر میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ اس موقع پر ان کے وکلا اور پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی ساتھ آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button