سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف احتساب عدالت میں دوسری بار پیش ہوگئے
اسلام آباد: (نیوزوی او سی) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف احتساب عدالت میں دوسری بار پیش ہوگئے، جج محمد بشیر کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم، ان کے بچوں اور داماد پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس میں عام افراد کا داخلہ بند جبکہ ایک ہزار اہلکار تعینات ہیں۔ وکلاء اور صحافیوں کو بھی موبائل فون احتساب عدالت میں لانے پر پابندی ہے۔ سابق وزیر اعظم کے بچے اور داماد وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باجود پیش نہیں ہوں گے۔ واضح رہے نواز شریف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم لندن فلیٹس اور عزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز میں عائد کی جائے گی۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں حسن، حسین، مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا چکے ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے باعث نواز شریف کے بچے اور داماد لندن میں ہیں۔