سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،عدم پیشی پر حسن،حسین اور کیپٹن صفدر کے ناقابل ضمانت،مریم کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد(نیوز وی او سی)سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی، فرد جرم عائد نہ ہو سکی ،عدم پیشی پر حسن، حسین ،کیپٹن (ر)محمد صفدر کے ناقابل ضمانت جبکہ مریم نواز کے قابل وارنٹ گرفتاری جا ری کر دیئے ،مزید سماعت 9اکتوبر تک ملتوی ،تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی ،مقدمات کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی،اس موقع پر نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ شدید علیل ہیں اور ان کے بچے اپنی والدہ کی عیادت کی وجہ سے لندن میں ہیں آئندہ سماعت پر وہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری نہ کئے جائیں اوران کو مزید وقت دیا جائے ۔
نیب کے وکیل نے نواز شریف کے وکیل کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کے بچوں کو سمن موصول ہو چکے تھے اور عدالتی احکامات کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہ ہوئےلہٰذا ان کو اشتہاری قرار دیا جائے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں ۔
احتساب عدالت نے خواجہ حارث کی عدالتی پیشی کی یقین دہانی پر حسن، حسین اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے ناقابل ضمانت جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔سابق وزیراعظم پر فرد جرم بھی آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی جس پر نواز شریف پیشی کے بعد احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے۔