ایڈیٹرکاانتخاب

زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی‘ دامن صاف‘ ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں: شہباز شریف

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کیساتھ منصوبوں کو مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں بچائے گئے اربوں روپے کے وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ چار برس کے دوران حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں اور فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کر چکا ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت چین نے پاکستان میں 60 ارب ڈالر سے زائد کی بہت بڑی سرمایہ کاری کی ہے اور سی پیک سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ سی پیک 21 کروڑ پاکستانیوں کی خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور چین کی اس تاریخی سرمایہ کاری کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر بن چکاہے اور اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ دیگر دوست ممالک نے سی پیک میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ دامن صاف ہے اور ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں۔ بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان میں شفافیت میں اضافے پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب تیزرفتاری سے بڑھ رہی ہے۔ دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی اور ان عناصر کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی تاخیر سے عوام کا بے حد نقصان ہوا۔ اگر یہ عناصر ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیتے تو مشکلات میں گھری قوم کا کچھ بھلا ہوتا۔ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر ان عناصر نے قوم پر بڑا ظلم کیا ہے اور ملک و قوم کی ترقی کے دشمن ان عناصر کو 2018 کے انتخابات میں عوام کے غیص و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جھوٹ، انتشار اور بے بنیاد الزام تراشی کی سیاست سے ملکی مفادات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کیساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ قوم کی مشکلات بڑھانے والے ان عناصرکوملک کی تیزرفتار ترقی سے خوف اورپریشانی لاحق ہے۔ ملک اندھیروں سے روشنیوں کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن مخالفین کی بے چینی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے جھوٹ، انتشار اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے آگے لیجانے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ عوام کی بے لوث خدمت اور محروم معیشت طبقات کے معیاری زندگی میں بہتری لانا ہمارا ایجنڈا ہے اورخدمت خلق کے اس ایجنڈا کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی غلام رضا کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button