زندہ دلان لاہور کا شکریہ ، پاکستانیوں کو کرکٹ کھیلنی اور کھلانی بھی آتی ہے
چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ زندہ دلان لاہور کا شکریہ ، پاکستانیوں کو کرکٹ کھیلنی اور کھلانی بھی آتی ہے ، شائقین کرکٹ کا عزم نہ ہوتا تو پی ایس ایل یہاں نہ ہوتا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ امید ہے شائقین کی حمایت ہمیشہ ملے گی ، پی سی بی نے پی ایس ایل کیلئے پورا سال کام کیا ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نےیہاں فائنل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بڑی دلیری دکھائی، پی ایس ایل فائنل کو ساری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کی سپورٹ ہے، دو بہترین ٹیمیں فائنل میں مد مقابل ہیں۔
اس سے قبل پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اورغیرملکی شائقین میچ دیکھنے آئے ہیں، ان شاء اللہ غیرملکی ٹیمیں بھی جلد یہاں آئیں گی، انہوں نے بتایا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر میچ دیکھنے آئے ہیں۔