زمین و آسمان کا مالک کسی وقت بھی کسی انسان کو ہدایت دے سکتاہے ،بے مقصد گزارے وقت پر پچھتاوا ہے‘ نور
لاہور 9 اکتوبر
(بیورو چیف پاکستان بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
اب بعض لوگوں کو اعتراض ہے میں اس راہ پر کیوں آئی ہوں ،طرح طرح کے کمنٹس کئے جارہے ہیں‘ خصوصی گفتگو
فلمسٹار نورنے کہا کہ زمین و آسمان کا مالک کسی وقت بھی کسی انسان کو ہدایت دے سکتاہے ،مجھے دنیا میں گزارے ہوئے اپنے بے مقصد وقت پر پچھتاوا ہورہا ہے ،اب بعض لوگوں کو اعتراض ہے کہ میں اس راہ پر کیوں آئی ہوں اور طرح طرح کے کمنٹس کئے جارہے ہیں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نور نے کہا کہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے اور واضح اعلان کر چکی ہوں کہ اب صر ف ان پروگراموں میں حصہ لوں گی جن میں دین اسلام کے حوالے سے موضوع ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے طویل عرصے تک شوبز انڈسٹری پر راج کیا ہے مگر اب میرا دل ان رنگینوں سے اٹھ گیا ہے ۔ اپنا رجحان دین کی طرف کرلیا ہے اور یہ ہدایت خدا کی طرف سے ملی ہے ۔جب سے اس طرف راغب ہوئی ہوںمجھے دنیا میں گزارے ہوئے اپنے بے مقصد وقت پر پچھتاوا ہوتا ہے ۔نور نے کہا کہ خدا زمین و آسمان کا مالک ہے جب وہ کسی کو ہدایت دیتا ہے توپھر اس کو کوئی راستے سے بھٹکا نہیں سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ اب بعض لوگوں کو اس بات پر اعتراض ہے کہ میں اس راہ پر کیوں آئی ہوں اور اس پر طرح طرح کمنٹس کئے جارہے ہیں ۔ میں ایسے لوگوں کے لیے صرف ہدایت کی دعا ہی کر سکتی ہوں۔ بہت سے ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے میرے اس اقدام کو سراہا ہے اور میری ستائش کی ہے میں ان تما م لوگوں کی شکر گزار ہوں۔