زلمی فاﺅنڈیشن نے ’زلمی سکول لیگ‘ متعارف کرا دی
پشاور (نیوز وی او سی آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چیمپئن پشاور زلمی نے زلمی فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام زلمی سکول لیگ متعارف کرا دی ہے، یہ لیگ خیبرپختونخواہ میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ کیلئے شروع کی جا رہی ہے اور مختلف علاقوں میں مرحلہ وار شروع ہو گی۔
رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ دو مرحلوں پر مشتمل ہو گا جس کے پہلے مرحلے میں بنوں، پشاور، مالاکنڈ اور ہزارہ کے علاقوں سے 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ دوسرا مرحلہ 7 ڈویژنز پر مشتمل ہو گا اور اس مرحلے کے دوران آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور کی ٹیم بھی شامل کی جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کی چیمپئن ٹیم بھی شامل ہو گی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی خیبرپختونخواہ میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروخ کیلئے یہ لیگ جاری رکھے گی۔ ”ہائیر زلمی 100 پچز پراجیکٹ“ کے بعد یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیلنٹ دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔
جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ زلمی سکول لیگ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور کے شہداءکے نام سے منسوب کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے میچ ہری پور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ پشاور میں ہو گا، پہلے مرحلے کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے اے پی ایس پشاور کی ٹیم کو بھی دعوت دی جائے گی۔