رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری اعجاز شفیع کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس میں نئے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔
رحیم یار خان 11 نومبر 2017
(عثمان شاہد سے نیوز وائس آف کینیڈا)
رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری اعجاز شفیع کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم این اے میاں امتیاز احمد، ایم پی اے سردار نواز خان رند، ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا، ارکان پارلیمنٹ کے نمائندگان چوہدری اظہر شفیق، چوہدری زاہد گجر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ محمد اختر عباسی، ایکسین بلڈنگ محمد نعیم ، ایکسین واپڈاملک محمد یوسف ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، ڈی ایس او اشفاق احمد سمیت دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری اعجاز شفیع نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے آغاز کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ پراجیکٹس پر بلا تاخیر محکمانہ کاروائی مکمل کی جائے اور عوامی اہمیت و نمایاں ترقی کے ان منصوبوں کے ذیزائن اور تکنیکی امور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہونے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت بارے متعلقہ حلقہ کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو تسلسل کے ساتھ آگاہ کریں۔ایم این اے میاں امتیاز احمد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے تمام تر انتظامات و فنی تقاضے پیشگی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں تاکہ مفاد عامہ کے منصوبے تاخیر کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے تجویز دی کہ تمام تعمیراتی منصوبوں سے منسلک محکمے متعلقہ ایم این اے اور ایم پی ایز کو ان کے حلقوں میں جاری منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دیں تاکہ ہر منصوبے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے جسے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی نے منظور کر لیا۔ایم پی اے سردار نواز خان رند نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران منصوبوں کے تعمیراتی مراحل کی نگرانی او رپائیداری کو یقینی بنائیں تاکہ یہ منصوبے ہر زاویے سے عو امی مفاد میں بہتر ثابت ہوں۔ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں ، ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتا رتیز کی جائے، ہر ہفتے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ان منصوبوں پر کام کی پراگریس کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام اور دیہی ترقیاتی پروگرام بارے ارکان پارلیمنٹ کو تفصیلی آگاہ کیا جائے۔اجلاس میں ضلع میں جاری سیوریج، شاہرات، سکولز اپ گریڈیشن، نئے تعلیمی اداروں کی تعمیر، شیخ زید میڈیکل کالج، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت24ارب روپے کی لاگت سے 232نئی اور 71جاری منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام فیز 6بارے بھی شرکاءکو بریفنگ دی جبکہ ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ اختر عباسی، ایکسین بلڈنگ محمد نعیم، ایس ڈی او ہائی ویز، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید، ڈی او سپورٹس اشفا ق احمد نے اپنے محکمانہ منصوبوں بارے بریفگ دی ۔