روس سے کثیر الجہتی شراکت داری چاہتے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے روسی فیڈریشن ڈوما کے چیئرمین وچے سلیف ولودین نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
ڈوما کے چیئرمین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے بڑی قیمت ادا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد صرف خطے کے لئے نہیں بلکہ تمام دنیا کے امن کو محفوظ بنانے کے لیے جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتاہے اور اس بات کو یقین سے کہتے ہیں کہ پڑوسی ملک میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں اور ہم افغانستان میں افغان زیر قیادت حل کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان روس کی فیڈریشن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان تجارت اور توانائی کے شعبے سمیت تعاون کے تمام شعبوں میں روس کے ساتھ ایک طویل مدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے اور دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے مواقع موجود ہیں۔