
👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada اردو
راولپنڈی میں امریکی شہری سابقہ بیوی کے قتل کا فیصلہ، مجرم کو مرتے دم تک پھانسی کا حکم
رپورٹ: بشیر باجوہ | وی او سی اردو | تاریخ: 9 اپریل 2025
راولپنڈی: اربوں روپے کی جائیداد کے تنازع پر امریکی شہریت یافتہ سابقہ بیوی وجیہہ سواتی کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں عدالت نے مجرم رضوان حبیب کو مرتے دم تک پھانسی پر لٹکائے رکھنے کا حکم سنا دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری ماجد حسین گادی نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجرم کو اس وقت تک پھانسی دی جائے گی جب تک اس کی موت واقع نہ ہو جائے۔ عدالت نے قتل کے الزام میں سزائے موت کے ساتھ 5 لاکھ روپے ہرجانے، اغوا کے جرم میں 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ، جبکہ شواہد مٹانے کے جرم میں 7 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ شریک ملزم سلطان کو بھی 7 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
عدالتی فیصلے کے وقت امریکی سفارت خانے کے تین سفارت کار اور ایک ایف بی آئی افسر بھی عدالت میں موجود تھے، جنہوں نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم رضوان حبیب نے اپنی سابقہ اہلیہ وجیہہ سواتی کو جائیداد کے راضی نامے کا جھانسہ دے کر امریکا سے پاکستان بلایا، اور 16 اکتوبر 2021 کو قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزم نے لاش کو خیبر پختونخوا لے جا کر دفنایا اور گمشدگی کا ڈراما رچایا۔ پولیس کی تحقیقات کے بعد قتل کا اعتراف کیا اور لاش برآمد کرائی گئی۔
مقتولہ کے بیٹے عبداللہ نے امریکا سے آن لائن ایف آئی آر تھانہ مورگاہ میں درج کروائی تھی۔ کیس کی پیروی سرکاری پراسیکیوٹر عفت سلطانہ نے کی، جبکہ امریکی ایف بی آئی ٹیم اور سفارت کاروں نے مسلسل کیس کی نگرانی کی۔
قبل ازیں لاش کو امریکا منتقل کر کے پوسٹ مارٹم دوبارہ کیا گیا تھا، جہاں امریکی فرانزک لیبارٹری نے موت کی وجہ تشدد قرار دی تھی۔
—
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k