رابطہ کمیٹی کے رویے سے بہت افسوس ہوا، فاروق ستار
کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے رویے سے افسوس ہوا فیصل سبزواری نے بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں جس سے مجھے صدمہ پہنچا۔
پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کے کروڑوں حامی اور ووٹرز کئی روز سے ذہنی اضطراب میں ہیں، گھر کی لڑائی اور اختلافات کو گھر میں ہی رکھتے چوراہے پر نہیں لاتے یہی عقلمندی اور دانشمندی ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے رویے سے آج بہت افسوس ہوا، فیصل سبزواری نے بہت کڑوی کسیلی باتیں کہیں، انکی ان باتوں سے مجھے صدمہ پہنچا، فیصل سبزواری کی پریس کانفرنس غصے میں تھی جب کہ میری کانفرنس میں صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلدی تو آپکو ہے صرف فاروق بھائی کہنا عزت نہیں، میں بہادر آباد جارہا تھا پھر کیوں اتنی جلدی کی گئی، یہ مسئلہ پریس کانفرنس اور پبلک میں جانے کے بغیر حل ہوسکتا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس میں پارٹی کا آئین دکھایا وہ اجلاس بھی کررہے ہیں مگر رابطہ کمیٹی کو کسی اجلاس کی اجازت نہیں اور میری اجازت کے بغیر تمام اجلاس غیر آئینی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ اظہار الحسن رؤف صدیقی اور جاوید حنیف نے معاملات کو حل کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کیں، ان تینوں رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار بھائی سے گزارش ہے کہ پریس کانفرنس منقطع کرکے بہادر آباد آجائیں، ہم فاروق ستار کی مشاورت سے فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ناموں کا اعلان بحالت مجبوری کیا تھا، فاروق ستار یہاں آئیں اور قوم کو اس کرب سے نجات دلائیں۔