دہشت گرد گروپوں اور انتہا پسندوں تنظیموں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے:خواجہ آصف
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والی واچ لسٹ میں پاکستان کی نامزدگی رکوانے کیلئے حکومت دوست ممالک کیساتھ رابطے میں ہے ، امریکہ ، فرانس، برطانیہ ، جرمنی اور دیگر اہم ممالک میں اپنے وزراء کو بجھوایا ہے تا کہ ان ممالک کو یہ باور کرایا جائے کہ پاکستان نے دہشت گرد گروپوں ، انتہا پسندوں تنظیموں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ان کا قلعہ قمع کیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کو بتائیں گے کہ انتہا پسند تنظیموں کے خلاف قانون سازی کر لی ہے ، یہ قانون ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائے مجوزہ تنظیموں کے اثاثے حکومت نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں ،ان کے سکول ، ایمبولینسز اور دیگر فلاحی کاموں کی نگرانی حکومت خود کرے گی ، مجوزہ تنظیم کی ایمبولینسز ہلال احمر نے اپنی نگرانی میں لی ہیں ، دہشت گردی کو معاونت کرنے والی واچ لسٹ سے پاکستان کی نامزدگی رکوانے کیلئے کئی دوست ممالک نے پاکستان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ ممالک پاکستان کی آزادانہ پالیسی کو اپنے تابع کرنے کے لئے سیاسی دباؤ بڑھا رہے ہیں ، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر اقدمات اٹھا رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں پہلے بھی ایسی پابندیوں کا سامنا رہا ہے ۔
دوسری طرف وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ امریکا کا برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کو ٹیررسٹ فنانسنگ فہرست میں شامل کرنے کی تحریک خطرناک اقدام ہے ،یہ ایک سیاسی چال اور سیاسی دباو ہے،پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے اثاثے ضبط کیے ہیں اور اگر پاکستان اس صورت حال کا شکار ہوا تو اس سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز متاثر ہوں گے،ہم نے تمام سفارت خانوں سے بھی رابطہ کیا ہے، ہم اس معاملے کا مقابلہ کر رہے ہیں اور امید ہے کہ حمایت ملے گی۔واضح رہے کہ امریکہ سمیت دنیا کے 35ممالک یورپی کمیشن ،جی سی سی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے رکن ہیں ۔