دھرنا پارٹی نے سیاست میں اخلاقیات اورشائستگی کے اصول پامال کر دیئے،شہباز شریف
لاہور 5 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی نے سیاست میں اخلاقیات ،رواداری اورشائستگی کے اصولوں کو پامال کیا ، اب ان کے چہرے سے منافقت کا لبادہ اتر چکا ہے،آئندہ عام انتخابات میں عوام کی تقدیر کھوٹی کرنے والوں کی سیاست سمندر برد ہوجائے گی ۔لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ محض ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرنیوالے سیاسی عناصربے نقاب ہوچکے ہیں جبکہ سچی اورمخلص قیادت پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام ان کے منفی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، اب ہر اس چور اورلٹیرے سے حساب لینا ہوگا جس نے غریب قوم کا خون چوسا ہے ۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ستر سال سے ترسی ہوئی قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے، قوم اب کسی کو بدلتی ہوئی قسمت کو کھوٹا نہیں کرنے دے گی۔