دپیکا پڈکون نے ویرات کوہلی کو شادی کی مبارکباد کیوں نہیں دی
ممبئی (نیوز وی او سی آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی پر انہیں اپنے دوستوں اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارکباد دی جا رہی ہے لیکن ایسے میں دپیکا پڈکون ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہوں نے اس سلیبرٹی جوڑے کو شادی کی مبارکباد نہیں دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دپیکا نے سوشل میڈیا پر مبارکباد دینے کی بجائے اس جوڑے کو ذاتی حیثیت میں تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔
پنک ولا کے مطابق دپیکا پڈکون کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے ویروشکا کو سوشل میڈیا پر شادی کی مبارکباد نہیں دی بلکہ ذاتی طور پر موبائل فون پر ایک پرجوش اور خوشیوں بھرا پیغام بھیجا ہے۔ دپیکا نے سلیبرٹی جوڑے کو شادی کے بعد علیحدہ علیحدہ میسجز کرکے مبارکباد دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دپیکا ہر چیز اپنے حساب سے کرتی ہیں اور اس میں ذاتی طور پر شامل ہونے کو ترجیح دیتی ہیں اس لیے ان کے نزدیک سوشل میڈیا پر شادی کی مبارکباد میں وہ جوش اور خوشی نہیں ہے جو ذاتی حیثیت میں پیغام دینے میں ہے۔ انوشکا شرما اور دپیکا میں معاملات ماضی میں جیسے بھی رہے ہوں لیکن اب وہ ایک دوسری کا احترام کرتی ہیں ۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما اور رنویر سنگھ نے قریب قریب ایک ساتھ ہی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا ۔ دونوں نے فلم بینڈ باجا اور بارات میں ایک ساتھ کام کیا ، یہ رنویر سنگھ کی ڈیبیو اور انوشکا شرما کی دوسری فلم تھی ۔ اس فلم کے بعد دونوں اداکاروں کا معاشقہ شروع ہوگیا تھا تاہم دیگر معاشقوں کی طرح یہ بھی زیادہ دیر تک چل نہ پایا اور جلد ہی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ رنویر سنگھ نے انوشکا شرما سے پیار میں ناکامی کے بعد دپیکا پڈکون کے ساتھ پیار کی پینگیں بڑھالیں ۔ رنویر سنگھ کی سابق محبوبہ کو دپیکا کی یہ بے باکی پسند نہیں آئی جس کی وجہ سے دونوں اداکاراﺅں کے تعلقات میں سرد مہری کا عنصر غالب آگیا تھا۔