دوہزار اٹھارہ میں پاکستان زیادہ پرامن روشن اور مضبوط ہو گا،شہباز شریف
لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2018ء میں پاکستان زیادہ پر امن،روشن اور مضبوط ہوگا ،قائدؒ کے ویژن کے مطابق پاکستان کو پرامن فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے،سی پیک سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے اور عوام خوشحال ہورہے ہیں۔سال نو کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ انشاء اللہ نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوگا، ہمیں سال2017ء کو الوداع اورنئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ برس بھی شفافیت،رفتار اورمعیار کیساتھ پراجیکٹ مکمل کرنے کا اعزاز برقراررکھا ہے۔ پاک فوج،پولیس اوردیگراداروں کے اہلکاروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قیمتی جانوں کی قربانیاں دیکر پرچم سربلند رکھا۔انہوں نے کہا کہ نئے انرجی منصوبے اورلوڈ شیڈنگ کا خاتمہ عوام کیلئے حکومت کا تحفہ ہے ۔ مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کے ویژن کے مطابق امیر اورغریب کا معاشی تفاوت ختم کرنے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں ۔ہمارا عزم درپیش چیلنجز سے زیادہ بلند ہے، 2018پاکستانی قوم کیلئے روشنی اور امید کی کرن لائے گا۔ دعا ہے کہ2018 ء اہل پاکستان کیلئے امن ،سلامتی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔وزیراعلیٰ نے ملتان میں مو سمی انفلوئنزا کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے تحریک وحدت اسلامی کے چئیرمین و نائب صدر جمعیت علمائے اسلام علامہ جاوید اکبر ساقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف اتوار کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد ریاض روانہ ہوگئے۔ وہ آج یہاں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔