دنیا کے 10 خطرناک ترین ممالک کی فہرست جاری
اسلام آباد 09جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
گلوبل پیس انڈیکس کے مطابق 163ممالک میں سے شام میں امن و امان کی صورتِ حال سب سے زیادہ خراب ہے- دنیا میں سب سے خطرناک ہونے کی وجہ شام میں ہونے والی خانہ جنگی ہے جس میں سویلین نشانہ بن رہے ہیں، یو این کے مطابق 2016 ء کے آخر تک اِس خانہ جنگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اڑھائی لاکھ تھی جب کہ 47 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے اور 46 لاکھ افراد نے ملک سے باہر پناہ اختیار کر لی
خطرناک ممالک کی فہرست میں افغانستان کا دوسرا نمبر ہے، خانہ جنگی کے باعث ابھرنے والے انتہا پسند گروہ “طالبان” نے افغانستان کے نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رکھا ہے- طالبان کی سرگرمیوں کے باعث افغانستان میں عدم تحفظ اور مجرمانہ سرگرمیاں دن بدن بڑہتی جا رہی ہیں-
جنوبی سوڈان تیسرا خطرناک ملک ہے، 2016ء میں سوڈان نے بہت ظلم و تشدد کا سامنا کیا ، سیویلین نشانہ بنے اور بے شمار لوگ ہلاک ہونے کے ساتھ ساتھ عصمت دری کی بھی سینکڑوں وارداتیں رپورٹ ہوئیں
عراق چوتھا خطرناک ملک ہے ، امریکی فوجوں کی واپسی کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی 2016 انتہائی خطرناک رہا، داعش نے کئی علاقوں پر قبضہ کیا اور لڑائی میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت ہوئی، داعش نے نہتے اور معصوم لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور بڑے پیمانے پر شہریوں کو اغوا کیا- اغوا شدہ افراد میں بہت سی عورتیں اور لڑکیاں بھی شامل تھیں جن کو جنسی غلامی کے لیے استعمال کیا گیا-
صومالیہ جی پی آئی میں 163ممالک میں سے ایک سو انسٹھ ویں نمبر پر آتا ہے- یو این
رپورٹ ایشو ڈان 17 جنوری2017ء کے مطابق صومالیہ میں شدید قحط کے باعث ہزاروں لوگ کھانے اور پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں- پچاس لاکھ لوگ پناہ کی تلاش میں ہیں جبکہ تیس لاکھ شہریوں کو صحت کی سہولیات میسر نہیں۔
سوڈان، افریقا کا ایک اور ایسا ملک جہاں قحط اور خانہ جنگی نے انسان کا سانس لینا بھی ناممکن کررکھا ہے- ہیومن رائیٹس واچ کی ایک رپورٹ کے مطابق سوڈان کی ریاستوں جنوبی کورڈوفان اور بلیو نائل کے درمیان جاری خانہ جنگی نے کافی تباہی مچائی ہے- اِس خانہ جنگی کے باعث گزشتہ دو سالوں میں سویلینز پر حملوں میں معصوم لوگوں کی جانیں لی گئیں، خواتین کی عزتیں لوٹی گئیں اور شہریوں کے گھر اور کاروبار تباہ کر دیے گئے-
ساتواں خطرناک ملک سینٹرل افریقن ریپبلک اُس وقت سے غیر مستحکم ہے جب 1960ء میں فرانس سے آزاد ہوا تھا اور یہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے- یہ 2013ء سے افراتفری کا شکار ہے اور آج بھی حالات غیر مستحکم ہیں
آٹھواں خطرناک ملک کانگو ہے جہاں ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کی وجہ گزشتہ سال صدر جوسف کبیلا کی صدارت کی توسیع کی کوششیں ہیں جس کے باعث ملک میں شدید احتجاج ہوئے ، لوگوں سے اظہارِ رائے کی آزادی چھین لی گئی اور ہزاروں افرد ہلاک اور بے گھر ہوئے
دہشت گردی کے سنگین واقعات نے پاکستان کو گلوبل پیس انڈیکس میں نواں خطرناک ملک بنا دیا، دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ 16 دسمبر 2014ء میں آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ کی صورت میں سامنے آیا جس کے بعد فوج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کا آغاز کیا اور ہزاروں ملک دشمنوں کو ہلاک کر دیا جبکہ سینکڑوں گرفتار کئے گئے، آپریشن ردالفساد کے تحت پاکستان دہشت گردوں کی باقیات اور سہولتکاروں پر ضرب لگا رہا ہے۔
جی پی آئی کے مطابق ایشیا پیسیفک خطے میں شمالی کوریا میں حالات سب سے زیادہ خراب ہیں- شمالی کوریا میں اتھاریٹیز بے گناہ لوگوں کو بغیر کسی ثبوت کے گرفتار اور نظر بند کر دیتی ہیں اور شہری انسانی حقوق سے محروم ہیں