انٹرنیشنل
دنیا میں یتیم بچوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ، یونیسیف
واشنگٹن (اے پی پی) یونیسیف کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا میں اس وقت 15 کروڑ30 لاکھ بچے یتیم ہیں ، جن میں 6 کروڑ صرف ایشیائی ممالک میں ہیں ۔ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق ان بچوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ اگر یہ بچے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں تو پوری دنیا کے گرد حصار بن سکتا ہے ۔ چند مسلم ممالک عراق، افغانستان، فلسطین اورشام میں بھی گزشتہ چند سال سے جاری خانہ جنگی کے باعث یتیم بچوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ عشرے میں آنیوالی ناگہانی آفات ، بدامنی کیخلاف جنگ ، صحت عامہ کی سہولیات کی کمی اور روز مرہ حادثات کے باعث جہاں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ، وہیں لاکھوں بچے بھی اپنے خاندان کے کفیل سے محروم ہو گئے ۔