دنیا ختم ہوجائے گی‘ سائنسدانوں نے خطرے کی گھنٹی بجادی،
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سازشی نظریہ سازوں کی طرف سے اکثر ایسی افواہیں پھیلائی جاتی رہتی ہیں کہ کوئی ستارہ زمین سے ٹکرانے والا ہے جو اس کو تباہ و برباد کر دے گا، لیکن اب ناسا کے سائنسدانوں نے بھی ایسی ہی انتہائی خطرناک پیش گوئی کر دی ہے۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق ناسا کے سائنسدانوں نے ایک ویڈیو بنائی ہے جس میں بہت بڑے شہابیے کو چاند کی سطح سے ٹکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ شہابیے کے ٹکرانے سے چاند کی سطح پر انتہائی خوفناک دھماکہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”اب ہماری زمین کی باری ہے۔اگر ہم نے ایسے شہابیوں کو زمین کی طرف آنے سے روکنے کے لیے ٹیکنالوجی نہ بنائی تو ایسا ہی شہابیہ ہماری زمین سے ٹکرائے گا اور یہاں ہر چیز نیست و نابود ہو جائے گی۔“
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”چاند کی سطح سے جو شہاب ثاقب ٹکرایا ہے اس کا وزن 400کلوگرام تھا۔ یہ 11ستمبر 2013ءکو 61ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چاند کی سطح سے ٹکرایا اور ایک بڑے دھماکے کا باعث بنا۔اس واقعے سے انسانیت کو لاحق خطرے کی عکاسی ہوتی ہے کیونکہ مستقبل میں ہمیں بھی ایسے ہی خوفناک حادثے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔“ ناسا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ”ناسا گزشتہ 8سال سے چاند کی سطح کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ اس سے ٹکرانے والے شہاب ثاقب اور ان کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کا پتا چلایا جا سکے۔ اس نگرانی کے دوران 2013ءمیں یہ ویڈیو بنائی گئی۔ یہ اس پروگرام کے دوران ریکارڈ کیا گیا چاند کی سطح پر ہونے والا سب سے بڑا اور خوفناک ترین دھماکہ تھا۔“