دنیا بھر میں کرسمس تقریبات جاری، پوپ فرانسس کی خصوصی دعا
دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری ہیں، ویٹی کن سٹی میں اس حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیاجبکہ کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس موقع پر خصوصی دعا بھی کرائی۔
ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب گزشتہ رات منعقد کی گئی ، پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور حضرت عیسی کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
اپنے پیغام میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ہمارا ایمان اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ غیر ملکیوں اور پناہ گزینوں کا احترام اور ان کا خیر مقدم کیا جائے، کیونکہ ان لوگوں نے یہ راستہ خود اختیار نہیں کیا بلکہ انہیں ان کی زمینوں سے بے دخل ہونے اور اپنے پیاروں کو چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک میں اغوا کیے گئے راہبوں، مذہبی رہنمائوں کی رہائی کی اپیل بھی کی تاکہ وہ لوگ کرسمس کی خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مناسکیں۔
دوسری جانب فلسطین کے شہر بیت اللحم کے مرکزی چرچ میں دیوہیکل کرسمس ٹری روشن کرنے کی سالانہ تقریب ہوئی، تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور کرسمس ٹری روشن کرنے کی سالانہ تقریب کا آغاز شاندار آتش بازی سے کیا گیا۔