دنیا اب امریکا کے فیصلے تسلیم نہیں کرتی، ایرانی صدر
ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکی فیصلے ماننے کا دور گزر گیا، دنیا اب امریکا کے فیصلے تسلیم نہیں کرتی۔
گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے ایران سے کیے گئے مطالبات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کون ہوتے ہیں ایران اور دوسرے ممالک سے متعلق فیصلے کرنے والے؟
ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے ساتھی ملکوں کے ساتھ اپنے راستے پر ثابت قدم رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران سے نئے مطالبات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نئی ایٹمی ڈیل چاہتا ہے تو مشرق وسطیٰ میں اپنی پالیسیاں بدلے،شام سے فوج واپس بلائے، یورینیئم افزودگی رو کے یا پھر سخت اقتصادی پا بندیوں کا سامنا کرے۔
بحرین اور متحدہ عرب امارات نےان مطالبات کا خیر مقدم کیا تھا جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ امریکی پالیسی درست سمت میں ہے، دنیا اس کی حمایت کرے۔