دقیانوسی طریقہ کار سے نہیں , سائنس اور ریاضی سے آگے بڑھ سکتے ہیں : نواز شریف

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے مستقبل میں معاشی میدان میں بہت سخت مقابلے کا سامنا ہو گا، جدید علوم پر توجہ نہ دی تو ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ، پورے ملک کے تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات اورطلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائے گا، جہالت کے اندھیروں سے نکل کر علم کی روشنی سے منور مستقبل کا حصول صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہمارے نونہال ایسی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں جو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی فراہم کرے ۔ وہ وزیراعظم آفس میں ‘‘21ویں صدی کیلئے مضبوط پاکستان کی تیاری’’ کے موضوع پر تقریب میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ نوازشریف کا کہنا تھا تعلیم کا موضوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،ریاضی اور سائنس ہمارے لئے اجنبی اصلاحات نہیں، ان علوم کی جڑیں بہت گہری ہیں اور بلاشبہ ہمارے مستقبل کا دارومدار بھی انہی علوم میں مہارت پر ہے ۔ انہوں نے کہا ہم ایسے خطہ میں رہتے ہیں جس کی تہذیب اور ورثہ صدیوں پراناہے اور یہ تہذیب مختلف علوم میں مہارت کی حامل تھی۔ انہوں نے کہا ٹیکسلا، ہڑپہ، مہر گڑھ اور موہنجودڑو کی تہذیب اور ان کے آثار قدیمہ سے واضح ہے کہ ان خطوں کے باشندے زمانے کے سب سے ترقی یافتہ لوگ تھے ، ان کے نپے تلے اوزار، ان کی عمارتیں، ان کا طرز تعمیر اور ان شہروں کا ڈھانچہ اور ڈیزائن آج بھی ماہرین کیلئے توجہ کا مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنے بچوں کے لئے اس ضمن میں لائحہ عمل بنانا ہے اور اس سلسلہ میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا دنیا چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری کر رہی ہے ، ریاضی اور سائنس کا ہر طرف چرچا ہے ۔انہوں نے کہا دقیانوسی سوچ کے ساتھ اور سائنس کے بغیر ہماری معیشت آگے نہیں بڑھ پائے گی۔ وزیراعظم نے کہا گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں نوجوانوں کو نوکریوں کے خواب دکھائے ہم تعبیر دینگے اب ہم جس روشن پاکستان کا خواب دیکھتے ہیں وہ خواب میٹرک تک تعلیم یا نوکریوں تک محدود نہیں بلکہ یہ نئی نسل میں تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے انہیں آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلایا گیا یہ اصلاحاتی اقدام ملک کے کونے کونے تک پھیلے گا، ملک کے تمام صوبوں، تمام علاقوں میں قابل اساتذہ کی موجودگی میں نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائے گا۔