دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں،قمر جاوید باجوہ
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے لاہور میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں، عوام مشکوک نقل و حرکت سے سیکورٹی فورسز کو آگاہ کریں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باوجوہ لاہور میں سانحہ فیروز پورروڈ کے زخمیوں کی عیادت کےلیے جنرل اسپتال پہنچے۔آرمی چیف کی جانب سے خودکش حملے کے زخمیوں کے لیے گلدستوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔اس سے قبل چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اہم سیکورٹی اجلاس ہوا جس میں انہیں لاہور دھماکے اور آپریشن رد الفساد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔جنر ل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کیخلاف ہم سب متحد ہوکرلڑے اور اس لعنت کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے عوام کاتعاون ضروری ہے۔ عوام مشکوک نقل وحرکت سےسیکیورٹی فورسزکو مطلع کریں۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ کابل اور لاہور میں یکے بعد دیگرے دھماکوں سے یہ بات واضح ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے مدد کو تیار ہیں-






