درگاہ فتح پور خود کش حملہ میں شہید ہونے والوں کی تدفین کا سلسلہ جاری-
جھل مگسی (نیوز وی او سی آن لائن)درگاہ فتح پور پر ہونے والے دھماکے کے شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری ہے، اتنا بڑا سانحہ ہونے کے باوجود کوئی بھی منتخب حکومتی نمائندہ موقع پر موجود نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق درگاہ فتح پور شریف پر جمعرات کو عرس کے دوران خود کش حملے میں 20 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے تھے۔ درگاہ پر موجود افراد اپنی مدد آپ کے تحت دربار سے ملحقہ قبرستان میں شہدا کی تدفین میں مصروف ہیں جبکہ اس موقع پر کوئی بھی منتخب حکومتی نمائندہ یا سرکاری عہدیدار لواحقین کی داد رسی کیلئے موجود نہیں ہے اور نہ ہی کسی نمائندے نے دھماکے کے بعد درگاہ کا دورہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق آئی جی بلوچستان نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب درگاہ کا مختصر دورہ کیا تھا جس کے دوران وہ میڈیا سے گفتگو کیے بغیر ہی واپس چلے گئے تھے۔ دوسری جانب خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اجسادِ خاکی جھل مگسی کی پولیس لائن میں پہنچا دیے گئے ہیں جہاں ان کی 10 بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔