دامن صاف ہے تو حمزہ شہباز اور عام آدمی میں کوئی فرق نہیں: حمزہ
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جن کا دامن صاف ہو وہ گھبراتے نہیں ،نیب میں پیشیاں کو ئی نئی بات نہیں، جب دامن صاف ہے تو حمزہ شہباز اور عام آدمی میں کوئی فرق نہیں ہے۔
صاف پانی کمپنی کرپشن سکینڈل میں نیب لاہور میں پیشی پر آئے حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ صاف پانی اسکینڈ ل میں نیب لاہو رمیں پیش ہوا ہوں۔ صاف پانی کمپنی بورڈ کاممبر نہیں لیکن 5اجلاسوں میں شرکت کی۔ جب دامن صاف ہے تو حمزہ شہباز اور عام آدمی میں کوئی فرق نہیں اور ہمارا دامن صاف ہے۔ہم پہلے بھی سرخرو ہوئے، اب بھی ہوں گے۔مشرف دور میں نیب نے کہا کہ ہم دس سال کھنگالتے رہے لیکن آپ کے اور آپ کے خاندان کے خلاف کوئی کیس نہیں ملا اب بھی دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوناچاہئے۔
حمز ہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ نیب میں پیشیاں ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں ،بےنظیربھٹو کے دور میں18سال کی عمر میں 6 ماہ اڈیالہ جیل میں رہ چکا ہوں۔ ہمار ے تو ہاتھ صاف ہیں لیکن عوام زرداری صاحب کے سوئس اکاونٹس کو نہیں بھولے۔پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میٹروکو جنگلہ بس کہنے والے اب خود وہی کام کر رہے ہیں، لاہور میں تومیٹروبس بن چکی ہے اب تو اورنج ٹرین کاافتتاح بھی کر دیا ہے لیکن پشاور میں ابھی تک دھول اڑ رہی ہے۔
قبل ازیں حمزہ شہباز صاف پانی کرپشن سکینڈل میں نیب میں پیش ہوئے اور ڈیڑھ گھنٹہ تک سوالوں کے جوابات دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز سے 13 سوال کیے گئے۔